اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی اور اقتصادی نظم و نسق کو انصاف، شمولیت اور جمہوری اصولوں کی بنیاد پر ازسرِ نو تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے کھلے مباحثے میں اظہارِ خیال کر رہے تھے، جس کا موضوع تھا: “اقوامِ متحدہ کی تنظیم: مستقبل کی سمت”۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں میں فوری اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کو اس انداز میں ازسرِ نو ترتیب دینا ناگزیر ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو رعایتی مالی وسائل تک منصفانہ رسائی، بامعنی قرض ریلیف، اور خصوصی ڈرائنگ رائٹس (SDRs) کی متوازن تقسیم یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں، جو ایک جامع، جمہوری اور اتفاقِ رائے پر مبنی عمل کے ذریعے ہونی چاہئیں۔ ان کے مطابق، اصلاحات کا مقصد منتخب ارکان کی نمائندگی میں اضافہ، نئے مستقل ارکان کی مراعات کے تصور کو مسترد کرنا، اور تنظیم کے وسیع تر رکن ممالک کے سامنے سلامتی کونسل کی جوابدہی کو مضبوط بنانا ہونا چاہیے۔پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ ایک منصفانہ اور شفاف عالمی نظام ہی پائیدار ترقی، مالی استحکام اور عالمی امن کے اہداف کے حصول کو ممکن بنا سکتا ہے۔