پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے برطانیہ کے لیے اپنی پروازوں کا سلسلہ بحال کر دیا ہے، جس کی پہلی پرواز آج مانچسٹر کے لیے روانہ ہوئی۔اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پی آئی اے کا یہ فضائی آپریشن جلد برمنگھم اور لندن تک بھی توسیع پائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سروس کی بحالی کے لیے حکومت نے بھرپور اقدامات کیے، جن میں سیفٹی پروسیجرز، پائلٹ ٹریننگ، لائسنسنگ اور طیاروں کی دیکھ بھال کے نظام میں مکمل اصلاحات شامل ہیں، تاکہ پی آئی اے کے تمام امور کو عالمی فضائی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔خواجہ آصف نے کہا کہ یہ پروازیں برطانیہ اور یورپ میں مقیم تقریباً 14 لاکھ پاکستانیوں کے لیے سستی، محفوظ اور وقت کی بچت پر مبنی سفری سہولت فراہم کریں گی۔انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت قومی ایئرلائن کے عالمی نیٹ ورک کی بحالی اور توسیع کے لیے پُرعزم ہے اور پی آئی اے کو ایک منافع بخش اور مستحکم ادارہ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔