وزیراعظم شہبازشریف نے خطے اور دنیا بھر میں تجارت میں اضافے ، اقتصادی و توانائی تعاون کیلئے سی پیک ، ریلوے اور سڑک کے بین الاقوامی منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔وہ آج (جمعہ) اسلام آباد میں علاقائی ٹرانسپورٹ وزراء کی دو روزہ کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کررہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک اس خطے کیلئے تبدیلی کا تجربہ ہے جس نے گوادر بندرگاہ کو چین کے سنکیانگ صوبے کے ساتھ ملا کر وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی کے عوام اور مارکیٹ کو یکجا کیا ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد اب سی پیک کے دوسرے شاندار مرحلے میں داخل ہورہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا تجارتی اور اقتصادی سطح پرتعاون کی انتہائی سازگار صورتحال ہے جس سے سب کو زبردست فوائد حاصل ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹرانس افغان ریلویز اور اسلام آباد۔ تہران ۔ استنبول رابطے جیسے ریلوے کے کئی رابطے منصوبوں پر کام کررہا ہے ۔ اس کے علاوہ لائحہ عمل کے تحت وسطی ایشیائی جمہوری ریاستوں تک فضائی رابطوں میں اضافے کے منصوبوں پر بھی کام ہورہا ہے۔