پاکستان اور رومانیہ کا فضائی دفاعی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون پر اتفاق

پاکستان اور رومانیہ کا فضائی دفاعی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون پر اتفاق

  پاکستان اور رومانیہ نے مشترکہ فضائی دفاعی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط ادارہ جاتی تعاون کے قیام پر اتفاق کر لیا ہے۔یہ اتفاق رائے رومانیہ کے دورے کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور رومانیہ کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل لیونارڈ-گیبریئل بارابوئی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پایا۔

ملاقات میں فضائی آپریشنز میں باہمی تعاون کو فروغ دینے، مشترکہ فضائی مشقوں، عملے کے تبادلے اور تربیتی پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں معززین نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی گفتگو کی اور عالمی و علاقائی استحکام کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ملاقات میں فضائی افواج کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے اور جدید ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز میں دفاعی صنعتی شراکت داری کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

رومانیہ کے فضائی سربراہ نے حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان فضائیہ کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور ایئر چیف مارشل کی قیادت میں حاصل ہونے والی ترقی کو سراہا۔ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا یہ دورہ رومانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کے حوالے سے اہم سنگِ میل ثابت ہوا ہے۔

رومانیہ کی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر پاک فضائیہ کے سربراہ کو ایک چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرپا امن، ترقی اور بدلتے ہوئے عالمی سیکیورٹی منظرنامے میں عسکری تعاون کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --