وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا عوام دوست اقدام — موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ منصوبے کا افتتاح

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا عوام دوست اقدام — موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ منصوبے کا افتتاح

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آج لاہور میں موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جس کے تحت شہری اب موبائل پولیس اسٹیشن کے ذریعے موقع پر ہی ایف آئی آر درج کروا سکیں گے۔ اس سہولت کے تحت ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء اور تجدید کی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی، جن میں لرنر، ریگولر، بین الاقوامی اور خواتین کے لیے مخصوص لائسنس شامل ہیں۔

اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے متعلقہ افسران کو موبائل یونٹس کی چابیاں بھی حوالے کیں اور عملے کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ہمدردی کا رویہ اختیار کریں تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہو اور انصاف کی رسائی ہر فرد تک ممکن ہو سکے۔

یہ منصوبہ وزیرِ اعلیٰ کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت سرکاری سہولیات کو عوام کی دہلیز تک پہنچایا جا رہا ہے۔ ابتدائی طور پر 33 موبائل وینز کو سڑکوں پر لایا گیا ہے، جن کی تعداد آئندہ چند ماہ میں 118 تک بڑھائی جائے گی۔ خواتین کی سہولت کے لیے گلابی رنگ کی خصوصی موبائل وینز بھی متعارف کروائی گئی ہیں، جو خواتین کالجوں، یونیورسٹیوں اور دیگر عوامی مقامات کا دورہ کریں گی۔ اس سے قبل پنجاب حکومت ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن بھی متعارف کرا چکی ہے، جو خواتین کو آن لائن شکایات درج کروانے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

یہ جدید اور عوام دوست اقدام نہ صرف شہریوں کو وقت اور محنت کی بچت فراہم کرے گا بلکہ ایک شفاف، تیز اور قابلِ رسائی نظامِ انصاف کے قیام کی جانب اہم قدم بھی ثابت ہوگا۔

-- مزید آگے پہنچایے --