وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ "فتنہ الہندستان” کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے کیونکہ یہ عناصر پاکستان کے اتحاد اور امن کے دشمن ہیں۔
یہ بات انہوں نے لاہور میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ملکی سلامتی، خیبر پختونخوا میں امن و امان اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ "فتنہ الہندستان” کو جڑ سے ختم کیا جائے گا اور بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے تاکہ صوبے میں دیرپا امن یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام امن پسند ہیں، اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے امن کا قیام ناگزیر ہے۔