صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے دیوالی کے پرمسرت موقع پر پاکستان کی ہندو برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ دیوالی کا تہوار روشنی کے اندھیرے پر، اور نیکی کے بدی پر غلبے کی علامت ہے۔ یہ دن ہمیں امن، محبت اور بھائی چارے کے فروغ کا پیغام دیتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مواقع حاصل ہوں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں حکومت کے اس عزم کو دہرایا کہ تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والی برادریوں کو برابر کے حقوق، مواقع اور ترقی کی راہ میں مکمل سہولت فراہم کی جائے گی، تاکہ پاکستان ایک ہم آہنگ اور مضبوط معاشرہ بن سکے۔