کسانوں کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں، وزیراعظم

کسانوں کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں، وزیراعظم

حکومت نے قومی گندم پالیسی 2025-26 کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت گندم کی خریداری 40 کلوگرام کے حساب سے 3,500 روپے کی مقررہ قیمت پر کی جائے گی۔

یہ منظوری وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت کو کسانوں کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کی تیاری کے دوران وفاقی حکومت نے تمام متعلقہ فریقین سے تفصیلی مشاورت کی، جن میں صوبائی حکومتیں، کسان تنظیمیں، صنعت کار اور زراعت سے وابستہ افراد شامل ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی گندم پالیسی 2025-26 عوامی مفاد کو مدِنظر رکھتے ہوئے تشکیل دی گئی ہے، تاکہ نہ صرف غذائی تحفظ یقینی بنایا جا سکے بلکہ کسانوں کو منافع بخش نرخ بھی فراہم کیے جا سکیں۔

وزیرِاعظم نے صوبائی حکومتوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پالیسی کو مشاورت اور اتفاقِ رائے سے تیار کیا گیا ہے، جو کہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ آئندہ فصل کے موسم میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں مجموعی طور پر تقریباً 62 لاکھ ٹن گندم کے اسٹریٹجک ذخائر خریدیں گی۔

نئی پالیسی کے تحت گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہو گی، جس سے ملک بھر میں اس کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے گی۔

-- مزید آگے پہنچایے --