آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان ویمنز اور نیوزی لینڈ ویمنز کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش کی وجہ سے مکمل نہ ہوسکا، اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔واضح رہے کہ یہ اس ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کا دوسرا میچ ہے، جو بارش کی کی نذر ہوا ہے، کیویز کا سری لنکا کے خلاف میچ بارش کی وجہ سے ختم کرنا پڑا تھا جبکہ گرین شرٹس کے انگلینڈ کے خلاف میچ کا نتیجہ برآمد نہ ہوسکا تھا۔
پاکستان 2 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے، جبکہ نیوزی لینڈ کے 4 پوائنٹس لے کر پانچویں نمبر پر ہے۔اس میچ کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی، جبکہ آسٹریلیا پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ پکی کر چکی۔کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی، جس نے 25 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنائے۔
عالیہ ریاض 3 چوکوں کی مدد سے28 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں، منیبہ علی نے چار چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے، عمائمہ سہیل 3، سدرہ امین 9، نتالیہ پرویز 10 اور کپتان فاطمہ ثنا 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔پاکستان کا اسکور تیرہویں اوور میں 3 وکٹوں پر 52 رنز تھا، جب بارش کی وجہ سے کھیل روک دینا پڑا جس کے بعد میچ کو 46 اوورز کردیا گیا لیکن 25 اوورز کے اختتام پر بارش کی وجہ سے کھیل دوسری مرتبہ روک دیا گیا اس وقت پاکستان کا اسکور 5 وکٹوں پر92 رنز تھا جس کے بعد میچ کو36 اوورز کردیا گیا لیکن بارش پھر شروع ہوگئی اور پھر مزید کھیل ممکن نہ ہوسکا۔پاکستان ٹیم اپنا چھٹا میچ 21 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔