پاکستان اور افغانستان فوری جنگ بندی پر راضی ہوگئے، قطری وزارت خارجہ نے جنگ بندی کی تصدیق کردی ہے۔قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کا فیصلہ دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران ہوا۔ جنگ بندی پر اتفاق قطر و ترکیے کی ثالثی میں ہوا۔دونوں ممالک نے آئندہ چند دنوں میں مزید ملاقاتیں کرنے اور امن و استحکام کے لیے مستقل مکینزم بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
قطری وزارت خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی خطے میں پائیدار امن کے قیام کی مضبوط بنیاد فراہم کرے گی۔ امید ہے جنگ بندی دونوں ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی کا خاتمہ کرے گی۔واضح رہے کہ قطری انٹیلی جنس چیف عبداللّٰہ بن محمد الخلیفہ کی میزبانی میں مذاکرات کا پہلا دور دوحہ میں ہوا تھا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی۔ سیکیورٹی حکام نے بھی وزیر دفاع کی معاونت کی۔افغان وفد کی سربراہی وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے کی، افغان وفد میں ان کے انٹیلی جنس چیف عبدالحق وثیق بھی شامل ہیں۔