پاکستان ملٹری اکیڈمی (PMA) کاکول میں آج 152ویں پی ایم اے لانگ کورس، 71ویں انٹیگریٹڈ کورس، 26ویں لیڈی کیڈٹ کورس اور 37ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ اس پروقار تقریب میں عسکری روایات کے عین مطابق کیڈٹس نے شاندار مارچ پاسٹ اور پریڈ کا مظاہرہ کیا۔
اس تقریب میں پاکستان کے دوست ممالک بشمول عراق، فلسطین، قطر، مالی، نیپال، مالدیپ، سری لنکا، یمن، بنگلہ دیش اور نائجیریا سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی کیڈٹس نے بھی تربیت مکمل کرنے کے بعد گریجویشن حاصل کی۔ ان کی شمولیت پاک فوج کے عالمی سطح پر مضبوط تعلقات اور پیشہ ورانہ تربیت کی اعلیٰ ساکھ کی مظہر ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا، کیڈٹس کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا۔
اعزازات حاصل کرنے والوں میں 152ویں لانگ کورس کے اکیڈمی سینئر انڈر آفیسر احمد مجتبیٰ عارف راجہ شامل ہیں، جنہیں سب سے بڑا اعزاز "سورڈ آف آنر” دیا گیا۔ اسی کورس کے بٹالین سینئر انڈر آفیسر زہیر حسین کو صدرِ پاکستان گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔
اس کے علاوہ، 71ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کورس انڈر آفیسر سید عبدالہادی اور 26ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی کورس انڈر آفیسر ہادیہ فیاض کو کمانڈنٹ کین عطا کی گئی۔
تقریب میں اعلیٰ عسکری و سول حکام، غیر ملکی سفارتکاروں، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کے اہل خانہ اور معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یہ موقع قومی جذبے، پیشہ ورانہ عزم اور دفاع وطن کے وعدے کی یاد دہانی تھا۔