وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا بین الاقوامی ریٹنگز میں مزید بہتری پر اظہارِ امید

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا بین الاقوامی ریٹنگز میں مزید بہتری پر اظہارِ امید

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کی بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگز میں مزید بہتری کی امید ظاہر کی ہے۔ انہوں نے یہ بات واشنگٹن ڈی سی میں فچ ریٹنگز (Fitch Ratings) کے حکام سے ملاقات کے دوران کہی۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو "B-” کے درجے پر مستحکم آؤٹ لک کے ساتھ اپ گریڈ کرنے پر فچ ریٹنگز کا شکریہ ادا کیا اور اطمینان کا اظہار کیا کہ اب تینوں بڑی بین الاقوامی ایجنسیوں کی ریٹنگز پاکستان کے بارے میں ہم آہنگ ہو گئی ہیں۔

انہوں نے حکومت کی نجکاری کے عمل کو جاری رکھنے اور "پانڈا بانڈز” کے ذریعے مالیاتی ذرائع میں تنوع لانے کی کوششوں کو اجاگر کیا۔

عالمی بینک کے صدر اجے بانگا سے ایک اہم ملاقات کے دوران، محمد اورنگزیب نے حکومت کی سیلاب سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بریفنگ دی اور سیلاب کے بعد نقصانات کے جائزے کی تکمیل کے بعد بینک کی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چھوٹے کسانوں تک رسائی کے لیے ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز اور کوآپریٹو ماڈلز کے استعمال کی تجویز کی حمایت کی اور پاکستان کی ٹیرف پالیسی کی تیاری میں عالمی بینک کی تکنیکی معاونت کو سراہا۔

وزیر خزانہ نے صدر کو ان مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) سے بھی آگاہ کیا جو ملک میں Country Partnership Framework (CPF) کے نفاذ کے لیے صوبوں کے ساتھ دستخط کی گئی ہیں۔

ملاقات میں پاکستان کے گیس اور بجلی کے شعبوں میں جامع اصلاحات کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

محمد اورنگزیب نے برطانیہ کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی و افریقہ بیرونیس جینی چیپمین سے بھی ملاقات کی، جس میں انہوں نے پاکستان کے ساتھ برطانیہ کی طویل شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کی تیاری میں برطانوی تعاون پر شکریہ ادا کیا اور منصوبوں کے انتخاب و نفاذ میں تمام متعلقہ فریقین کی مشاورت اور بجٹ سے باہر منصوبوں کی مؤثر نگرانی کی اہمیت پر زور دیا۔

دبئی اسلامک بینک (DIB) کے گروپ سی ای او ڈاکٹر عدنان چلوان سے ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان کی مالیاتی پالیسی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت امریکی ڈالر، پانڈا اور سکوک بانڈز کے ذریعے فنڈنگ ذرائع کو متنوع بنانے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --