پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد، جس کی قیادت وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کر رہے ہیں، آج (ہفتہ) قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان طالبان کے نمائندوں سے مذاکرات کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان مذاکرات کا محور افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشتگردی کے فوری خاتمے اور پاک-افغان سرحد پر امن و استحکام کی بحالی پر ہوگا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقات علی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی کشیدگی نہیں چاہتا، تاہم افغان طالبان حکام سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری سے کیے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں اور پاکستان کے جائز سیکیورٹی خدشات کو دور کرنے کے لیے دہشتگرد عناصر کے خلاف قابل تصدیق اقدامات اٹھائیں۔
ترجمان نے قطر کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔