وزیر اعلیٰ پنجاب کی سبزیوں کی قیمتوں میں کمی یقینی بنانے کی ہدایت

وزیر اعلیٰ پنجاب کی سبزیوں کی قیمتوں میں کمی یقینی بنانے کی ہدایت

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر میں سبزیوں، خاص طور پر ٹماٹر کے نرخ میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں سبزیوں کے نرخوں میں کمی اور ان کی آسان دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے فوری اور جامع اقدامات کی منظوری دی گئی، وزیراعلیٰ  نے ہدایت کی کہ تمام دکانوں پر نرخ نامے نمایاں طور پر آویزاں کئے جائیں، جبکہ ہر بازار کے داخلی راستے پر بھی ریٹ لسٹ واضح انداز میں چسپاں کی جائے تاکہ صارفین کو درست نرخوں کی معلومات حاصل ہو سکیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر صوبہ بھر میں اب تک 3 لاکھ 68 ہزار دکانوں کی نگرانی کی گئی جن میں سے خلاف ورزی پر 5 کروڑ 48 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے گئے، 321 ایف آئی آرز درج ہوئیں اور 4607 افراد کو گرفتار کیا گیا۔اجلاس میں پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی تنظیم نو پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اس موقع پر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک جدید سٹریٹجک پلان پیش کیا گیا جس میں ایک خصوصی ایپ کے ذریعے مرکزی ڈیش بورڈ پر سبزیوں کی فراہمی، سٹاک، نرخ اور دیگر اہم ڈیٹا کی دستیابی کو یقینی بنانے کا منصوبہ شامل ہے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر میں سبزی منڈیوں میں یکساں طرز کی ریڑھیاں مہیا کی جائیں گی، جبکہ تمام 239 کاشتکار بازاروں کی یکساں برانڈنگ، مارکیٹ سٹاف کی یکساں یونیفارم، شیڈز اور شاپس کے معیار کو بہتر بنایا جائے گا، صفائی کیلئے منڈیوں میں مکینیکل سویپرز کے استعمال کا بھی فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا نرخوں میں کمی کیلئے حکومت کے تمام اقدامات کے اثرات عوام تک پہنچنے چاہئیں، سبزیوں کی ضرورت کا پیشگی تعین کرکے انتظام کیا جانا چاہئے تاکہ کسی قسم کی قلت یا نرخوں میں اضافہ نہ ہو۔

-- مزید آگے پہنچایے --