ترکیہ اور آذربائیجان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفود نے پیر کے روز اسلام آباد میں واقع نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ہیڈکوارٹر میں نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ کیا۔
ترکیہ کے وفد کی قیادت ترکیہ کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے اسپیکر پروفیسر ڈاکٹر نعمان قرتلمش نے کی، جبکہ آذربائیجان کے وفد کی قیادت ملی مجلس کی اسپیکر محترمہ صاحبہ غفارووا نے کی۔ دونوں معزز وفود کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔
این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے مہمان وفود کو پاکستان کے فعال اور جدید نظامِ آفات سے نمٹنے کے فریم ورک پر بریفنگ دی۔ انہوں نے این ڈی ایم اے کے مرکزی رابطہ کار کردار، جدید ٹیکنالوجی سے لیس ابتدائی انتباہی نظام، تیاری کے منصوبے اور ہنگامی ردِعمل کی تفصیلات پیش کیں۔
اس موقع پر "نیشنل کامن آپریٹنگ پکچر” اور "گلوبل کامن آپریٹنگ پکچر” جیسے اہم منصوبے بھی متعارف کروائے گئے، جو سیٹلائٹ ڈیٹا اور عالمی ماڈلز کے ذریعے حقیقی وقت میں خطرات کا تجزیہ اور بروقت فیصلوں کو ممکن بناتے ہیں۔
وفود کو این ڈی ایم اے کی خطے میں تعاون کے فروغ کے لیے جاری کوششوں، تربیتی ورکشاپس، عالمی مشقوں اور استعداد کار بڑھانے کے پروگرامز سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ترکیہ اور آذربائیجان کے معزز مہمانوں نے این ڈی ایم اے کی ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، قومی سطح پر تیاری کے اقدامات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
دونوں ممالک نے قدرتی آفات، صلاحیتوں کی تعمیر اور باہمی تعاون کے شعبوں میں مشترکہ کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس دورے نے پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے مابین موسمیاتی تبدیلی اور آفات سے نمٹنے کے لیے بڑھتے ہوئے سہ فریقی تعاون کو اجاگر کیا، جو باہمی اعتماد اور یکجہتی کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔