وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے غزہ امن منصوبے کو مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کی جانب ایک فیصلہ کن اور اہم قدم قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں وزیرِاعظم نے کہا کہ وہ مصر کے شہر شرم الشیخ پہنچ چکے ہیں جہاں وہ تاریخی غزہ امن منصوبے کی دستخطی تقریب میں شرکت کریں گے۔
وزیرِاعظم نے اس موقع پر شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس کے میزبان، مصری صدر عبد الفتاح السیسی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ "اگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر معمولی قیادت اور پُرعزم وابستگی نہ ہوتی تو ہم یہ دن کبھی نہ دیکھ پاتے۔ ان کی امن کے لیے انتھک کوششوں نے بلاوجہ قتل و غارت گری اور تباہی کا خاتمہ ممکن بنایا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ آج کی تقریب ایک نسل کش باب کے اختتام کی علامت ہے، اور عالمی برادری پر لازم ہے کہ وہ اس امر کو یقینی بنائے کہ ایسا ظلم دوبارہ کہیں نہ دہرایا جائے۔
وزیرِاعظم نے فلسطینی عوام کو بہادر اور ثابت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک آزاد ریاست کے حقدار ہیں، جس کی سرحدیں 1967 سے قبل کی حدود پر مشتمل ہوں اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔