لاہور ٹیسٹ، پاکستان نے پہلے روز 5 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنا لئے

لاہور ٹیسٹ، پاکستان نے پہلے روز 5 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنا لئے

دو ٹیسٹ  میچوں کی  سیریز کے پہلے میچ  کے  پہلے  روز کھیل کے  اختتام  تک  پاکستان نے  جنوبی افریقا کے  خلاف  اپنی پہلی  اننگ  میں 5  وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز  بنالیے۔قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بٹینگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن عبداللہ شفیق  صرف 2 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد شان مسعود  اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔163 کے مجموعی اسکور  پرکپتان شان مسعود 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

199 کے مجموعی اسکور  پر امام الحق بھی 93 رنز بنا کر ہمت ہار گئے۔ اگلی ہی گیند پر سعود شکیل بھی بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے۔ 2 اوورز بعد 199 کے ہی اسکور  پر بابر اعظم بھی  آؤٹ ہوگئے انہوں نے 23 رنز بنائے۔

ان کے بعد محمد رضوان اور سلمان آغا نے 114 رنز کی شراکت قائم کی۔ رضوان 62  اور سلمان آغا 52 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ پاکستان نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 313  رنز بنالیے ہیں۔قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کا ٹاس جیت کر کہنا تھا ہوم کنڈیشن کا فائدہ اٹھانے کی بھرپور کوشش کریں گے جبکہ پروٹیز کپتان ایڈن مارکرم کا کہنا تھا ہم نے ایسی کنڈیشن میں کرکٹ کھیلی ہے، پاکستان کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔

-- مزید آگے پہنچایے --