وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، سردار محمد یوسف نے تمام منظور شدہ نجی حج کمپنیوں (ڈی ایچ سیز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ سات دنوں کے اندر 20 ہزار نجی عازمینِ حج کی بکنگ کا عمل مکمل کریں۔
یہ ہدایات جمعہ کے روز اسلام آباد میں منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی گئیں۔ اجلاس کے دوران وزیر مذہبی امور نے متعلقہ حکام کو نجی حج اسکیم کے تحت باقی رہ جانے والے عازمین کی بروقت بکنگ کو یقینی بنانے کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے نجی حج اسکیم کے لیے مختص 60 ہزار کے کوٹے میں سے اب تک 40 ہزار عازمین کی بکنگ مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ باقی 20 ہزار کی بکنگ 17 اکتوبر کی مقررہ تاریخ سے قبل مکمل کرنا ضروری ہے۔
سردار محمد یوسف نے واضح کیا کہ حکومت عازمینِ حج کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام تر اقدامات کر رہی ہے اور حج امور میں شفافیت اور بروقت کارکردگی کو یقینی بنایا جائے گا۔