لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کی مدت ملازمت میں توسیع کردی گئی، سکیورٹی ذرائع

لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کی مدت ملازمت میں توسیع کردی گئی، سکیورٹی ذرائع

 سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اپنے موجودہ عہدے پر خدمات جاری رکھیں گے۔

ذرائع کے مطابق ملک کی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے موجودہ سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کی مدت ملازمت میں توسیع کی گئی ہے، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کے عہدے پر برقرار رہیں گے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ توسیع کتنی مدت کے لیے ہے۔

یاد رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ایڈجوٹینٹ جنرل کے طور پر ایک سال کے لیے آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر تعینات رہے۔

وزارت دفاع کی جانب سے جاری کی جانے والی تفصیل کے مطابق 30 ستمبر 2024 کو انہوں نے اپنے عہدے کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔

مختلف ذرائع سے دستیاب معلومات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نے 80 لانگ کورس سے پاکستان آرمی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم اپنے کورس میں اعزازی شمشیر (سورڈ آف آنر) بھی حاصل کر چکے ہیں، ان کا تعلق پاکستان آرمی کی بلوچ رجمنٹ سے ہے۔

وہ اس سے پہلے بلوچستان میں انفینٹری ڈویژن اور وزیرستان میں انفینٹری بریگیڈ کمانڈ کر چکے ہیں، اس کے علاوہ وہ چیف انسٹرکٹر این ڈی یو اور انسٹرکٹر کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ بھی تعینات رہ چکے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم اس سے پہلے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں، وہ فورٹ لیون ورتھ اور رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز کے گریجویٹ بھی ہیں، انہیں چھ اکتوبر 2021 میں لیفٹینینٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔

انہوں نے پاکستان کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے امریکا پاکستان تعلقات پر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہوئی ہے، انہوں نے پاکستان کے بلوچستان اور وزیرستان کے علاقوں میں فوج کی کمان بھی کی ہے جو عسکریت پسندوں کے حملوں میں حالیہ اضافے سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --