آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ :پاکستانی خواتین کو بھارت کے ہاتھوں 88 رنزسے شکست

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ :پاکستانی خواتین کو بھارت کے ہاتھوں 88 رنزسے شکست

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں انڈیا ویمنز نے پاکستان ویمنز کو 88 رنز سے شکست دے دی۔اس سے قبل پہلے میچ میں بنگلہ دیش ویمنز نے پاکستان ویمنز کو 7 وکٹوں سے ہرایا تھا۔اتوار کو پریماداسا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر انڈیا کو پہلے بیٹنگ دی جو 50 اوورز میں 247 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔جواب میں پاکستان ویمنز ٹیم 43 اوورز میں 159 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔انڈیا کی اننگز میں سمرتی مندھانا 23 رنز بناکر فاطمہ ثنا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئیں ۔ پراتیکا راول کو31 رنز پر سعدیہ اقبال نے بولڈ کیا۔
پاکستان کو تیسری اہم کامیابی اسوقت حاصل ہوئی جب ڈیانا بیگ نے کپتان ہرمنپریت کور کو19 کے انفرادی سکور پر وکٹ کیپر سدرہ نواز کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔اسوقت انڈیا کا سکور106 رنز تھا۔

ڈیانا بیگ نے جمائما راڈریگز کو بھی سدرہ نواز کے ہاتھوں کیچ کرادیا تھا لیکن وہ نوبال ہوگئی۔وہ پانچ چوکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر نشرہ سندھو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئیں۔ہرلین دیول چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے46 رنز بناکر رامین شمیم کی گیند پر نشرہ سندھو کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔پاکستان کو چھٹی کامیابی 201 کے سکور پر ملی جب فاطمہ ثنا نے سنیھ رانا کو20 کے انفرادی سکور پر عالیہ ریاض کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔دیپتی شرما 25 رنز بناکر ڈیانا بیگ کی گیند پر سدرہ نواز کے ہاتھوں کیچ ہوئیں تو مجموعی سکور203 رنز تھا تاہم ریچا گھوش کے دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 35 رنز ناٹ آؤٹ کی بدولت انڈیا کی ٹیم 247 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔

ڈیانا بیگ نے 69 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر سو وکٹیں بھی مکمل کرلیں۔فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال نے بالترتیب38 اور 47 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کی اننگز میں منیبہ علی 2 صدف شمس 6 اور عالیہ ریاض2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں جس کے بعد سدرہ امین اور نتالیہ پرویز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 69 رنز کا اضافہ کیا۔سدرہ امین نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 81 رنز سکور کیے۔

نتالیہ پرویز نے 33 رنز بنائے جس میں 4 چوکے شامل تھے۔کپتان فاطمہ ثنا 2 سدرہ نواز 14 ڈیانا بیگ 9 جبکہ رامین شمیم اور سعدیہ اقبال بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں۔کرانتی گاؤد سب سے کامیاب بولر رہیں انہوں نے 20 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔دیپتی شرما نے بھی 45 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان ویمنز ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا تیسرا میچ 8 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔

-- مزید آگے پہنچایے --