وزیراعظم شہباز شریف نے "صمود غزہ فلوٹیلا” میں پاکستانی شہریوں کی باوقار شرکت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے اسے پاکستان کے عوام کے امن پسند جذبات، عدل و انصاف سے وابستگی اور انسانی ہمدردی کے جذبے کی روشن مثال قرار دیا۔
وزیراعظم نے ایک بیان میں سینیٹر مشتاق احمد خان، مظہر سعید شاہ، وہاج احمد، ڈاکٹر اسامہ ریاض صاحب، اسماعیل خان، سید عزیز نظامی اور فہد اشتیاق کی انسانی ہمدردی کے اس اہم مشن میں شرکت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان افراد کی قربانی اور خدمات پاکستان کے وقار اور اس کے عالمی کردار کی عکاس ہیں۔
شہباز شریف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان انسانی جانوں کے احترام، محفوظ گزرگاہ کی فراہمی اور امداد کی بلاروک ٹوک ترسیل جیسے اصولوں کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر مظلوم فلسطینی عوام کی مدد جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے حکومت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کی باحفاظت اور باعزت واپسی کے لیے جاری کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف ان کی خیریت کے لیے دعاگو ہے بلکہ ان کی جلد واپسی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔