قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب کے سیلاب متاثرہ افراد کو طبی سہولیات اور خوراک کی فراہمی میں کوئی تعطل نہ آنے دیا جائے۔انہوں نے یہ ہدایات ملتان اور مظفرگڑھ کے قرب و جوار میں قائم مختلف ریلیف کیمپس کے دورے کے دوران دیں، جہاں انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
قائم مقام صدر نے سیلاب متاثرین کے لیے قائم میڈیکل کیمپ کا بھی معائنہ کیا اور متاثرہ علاقوں میں نقصانات اور جاری بحالی کے اقدامات پر بریفنگ لی۔اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے سیلاب متاثرہ خاندانوں کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔متاثرہ خاندانوں نے قائم مقام صدر کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔