رضوان سعید شیخ کا پاکستانی ٹیکسٹائل شعبے کی برآمدات کے فروغ کیلئے نیویارک کا دورہ

رضوان سعید شیخ کا پاکستانی ٹیکسٹائل شعبے کی برآمدات کے فروغ کیلئے نیویارک کا دورہ

امریکی منڈی میں پاکستان کے ٹیکسٹائل شعبے کے فروغ اور برآمدات سے وابستہ کاروباری شخصیات کو امریکہ کے کاروباری طریقے سے بہتر طورپر جوڑنے اور بزنس کمیونٹی کے درمیان مربوط روابط استوار کرنے کی غرض سے امریکہ میں پاکستانی سفارت خانہ اور پاکستانی قونصلیٹ مکمل طور پر سرگرم عمل ہیں ۔اس حوالے سے امریکہ میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے 15 سے 17 ستمبر تک نیو یارک کا دورہ کیا۔ پاکستانی سفارتخانے کے ٹریڈ ونگ کے سینئر افسر محمد حینف چنہ بھی سفیر پاکستان کے ہمراہ تھے۔ تین روزہ دورے کے دوران سفیر پاکستان نے کاروباری برادری اور شراکت داروں سے نتیجہ خیز ملاقاتیں کیں۔بات چیت کے دوران پاکستان کی موجودہ صنعتی صلاحیت، ہوم ٹیکسٹائل کے شعبے میں مسابقتی برتری جیسی خصوصیات کو برؤے کار لاتے ہوئے امریکی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے حوالے سے قابل عمل حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

عالمی تجارتی افق پر رونما ہونے والی حالیہ تبدیلیوں اور ٹیرف کے تناظر میں سفیر پاکستان نے پیدا ہونے والے مواقع کو فوری طور پر پاکستان کے ٹیکسٹائل شعبے کے لیے پائیدار تجارتی نتائج میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے متحرک اور فعال تجارتی سفارت کاری کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کو اجاگر کرتے ہوئے برآمد کنندگان کو پاکستانی سفارتخانے اور نیویارک میں قونصلیٹ جنرل کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

برآمد کنندگان سے بات چیت کے دوران سفیر پاکستان نے اس امر پر زور دیا کہ ای کامرس اور ڈائریکٹ ٹو کنزیومر پلیٹ فارمز میں تنوع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے اور اس حوالے سے امریکی ڈیجیٹل ریٹیل اسپیس میں پاکستانی وینچرز کی کامیابی کو ایک مثال کے طور پر سامنے رکھا جائے۔برآمد کنندگان نے سفیر پاکستان کو ای کامرس اور دیگر کاروباری اقدامات کے ضمن میں مسابقتی چیلنجز، توانائی کی لاگت، سرمائے سے متعلقہ رکاوٹوں اور خصوصی اقتصادی زونز کی اہمیت کے حوالے سے آگاہ کیا۔سفیر پاکستان کا یہ دورہ امریکہ میں ویلیو ایڈڈ برآمدات کو فروغ دینے، امریکہ کے ساتھ دیرپا تجارتی روابط استوار کرنے اور عالمی ٹیکسٹائل سپلائی چینز میں پاکستان کو ایک قابل اعتماد، طویل مدتی پارٹنر کے طور پر پیش کرنے کے حوالے سے پاکستان کی تذویراتی توجہ کی نشاندہی کرتا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --