سدرہ امین کی سنچری رائیگاں، جنوبی افریقہ ویمنز نے دوسرا ون ڈے میچ جیت کر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرلی

سدرہ امین کی سنچری رائیگاں، جنوبی افریقہ ویمنز نے دوسرا ون ڈے میچ جیت کر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرلی

جنوبی افریقہ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈرک ورتھ لوئس کے تحت 25 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز جیت لی۔بارش کے سبب یہ میچ 46 اوورز کا کردیا گیا تھا۔اس میچ کی خاص بات کپتان لارا وولوارٹ اور تیزمین برٹس کی سنچریاں اور ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقہ کی کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی پارٹنرشپ تھی۔

پاکستان کی جانب سے سدرہ امین نے سیریز میں ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری سنچری سکور کی۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں جمعہ کو کھیلے گئے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل کا ٹاس پاکستان ویمنز نے جیتا اور جنوبی افریقہ ویمنز کو بیٹنگ دی جس نے 46 اوورز میں 3 وکٹوں پر 292 رنز بنائے۔اس طرح اس نے پاکستان کے خلاف اپنے سب سے بڑے سکور کا ریکارڈ بھی برابر کردیا جو اس نے 2023میں کراچی میں بنایا تھا۔
پاکستان ویمنز ٹیم کو313 رنز کا نظرثانی ہدف دیا گیا ۔اس نے بھرپور انداز میں مقابلہ کیا تاہم وہ 44 اعشاریہ 4 اوورز میں 287رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جو ون ڈے میں اس کا دوسرا سب سے بڑا سکور بھی ہے۔

جنوبی افریقہ کی اننگز کی خاص بات کپتان لارا وولوارٹ اور تیزمین برٹس کی سنچریاں تھیں۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 260 رنز کا اضافہ بھی کیا جو جنوبی افریقہ کی ون ڈے انٹرنیشنل میں کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت ہے۔ اس سے قبل انہی دونوں نے243 رنز کی شراکت 2023 میں بنگلہ دیش کے خلاف قائم کی تھی جو اتفاق سے پہلی وکٹ کی ہی تھی۔

وولوارٹ نے 10 چوکوں کی مدد سے 100 رنز سکور کیے۔ یہ ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی نویں سنچری ہے۔

تیزمین برٹس نے آؤٹ ہوئے بغیر20 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے171 رنز بنائےجو ان کا کریئر بیسٹ سکور بھی ہے ۔ یہ ان کی اس سیریز میں دوسری اور مجموعی طور پر چھٹی سنچری ہے۔

پاکستان کی طرف سے ڈیانا بیگ نے لگاتار گیندوں پر وولوارٹ اور نادین ڈی کلرک کی وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ڈرکسن کو رن آؤٹ بھی کیا۔

پاکستان کی اننگز میں سدرہ امین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 110گیندوں پر 122 رنز بنائے جس میں 13 چوکے شامل تھے۔ یہ اس سیریز میں ان کی دوسری اور مجموعی طور پر چھٹی سنچری ہے۔

انہوں نے نتالیہ پرویز کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں146 رنز کا اضافہ کیا۔ نتالیہ پرویز نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے7 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے جو ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی پہلی نصف سنچری ہے ۔

عمیمہ سہیل نے 38 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے43 رنز سکور کیے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے نادین ڈی کلیرک نے وکٹیں حاصل کیں۔
تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل 22 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

-- مزید آگے پہنچایے --