پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے پر زور، یوسف رضا گیلانی کی مالدیوی وفد سے ملاقات

پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے پر زور، یوسف رضا گیلانی کی مالدیوی وفد سے ملاقات

قائم مقام صدر پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تجارت، سیاحت، تعلیم، صحت، نوجوانوں کی ترقی، ماحولیاتی تعاون اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات مالدیپ کی پارلیمنٹ "پیپلز مجلس” کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل، چاول، سیمنٹ، گوشت، پھل، سبزیاں اور ادویات سمیت مختلف مصنوعات کی مالدیپ کو فراہمی کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی دلچسپی کا بھی اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، مالدیپ کے طلبہ کو طب، انجینئرنگ، فارمیسی اور ڈینٹسٹری کے شعبوں میں وظائف کی فراہمی کے ذریعے ترقیاتی عمل میں معاونت جاری رکھے گا۔ سیاحت کے شعبے میں باہمی تعاون اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

علاقائی امور پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، اور SAARC (سارک) کو ایک فعال پلیٹ فارم کے طور پر بحال کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مالدیپ اس عمل میں فعال کردار ادا کرے گا۔

جموں و کشمیر کی حالیہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے قائم مقام صدر نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اس دیرینہ تنازع کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا تاکہ خطے میں پائیدار امن یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے عبدالرحیم عبداللہ کو نومبر 2025 میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی۔

-- مزید آگے پہنچایے --