پنجاب بھر میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث مختلف حادثات میں کم از کم 118 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ 47 لاکھ سے زائد افراد براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔
ریلیف کمشنر پنجاب، نبیل جاوید کے مطابق سیلاب نے کئی اضلاع میں زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، جہاں لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں یا بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
حکومت پنجاب کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے اقدامات جاری ہیں۔ اب تک 330 سے زائد ریلیف کیمپ قائم کیے جا چکے ہیں، جب کہ 420 سے زیادہ میڈیکل کیمپ اور 360 ویٹرنری کیمپ بھی لگائے گئے ہیں تاکہ انسانی و حیوانی جانوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
ریلیف کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور طبی ٹیمیں ہمہ وقت سرگرم ہیں اور متاثرہ خاندانوں تک امداد پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھیں اور عطیات و رضاکارانہ خدمات کے ذریعے حصہ لیں۔