وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے آج "پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل” کا دورہ کیا اور اس کے انگریزی چینل کا باضابطہ افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، سیکرٹری اطلاعات امبرین جان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیرِ اعظم نے نئے چینل کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور وہاں کام کرنے والے نوجوان پروفیشنلز سے ملاقات کی۔ انہوں نے نوجوانوں کے جذبے اور پیشہ ورانہ لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونی بیانیے کا مؤثر جواب دینے میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس ڈیجیٹل چینل کے قیام کا بنیادی مقصد پاکستان کے خلاف پھیلائی جانے والی غلط معلومات اور پروپیگنڈے کا بروقت اور مؤثر جواب دینا ہے، تاکہ دنیا کو پاکستان کے حوالے سے درست، مستند اور مثبت معلومات فراہم کی جا سکیں۔
وزیرِ اعظم نے "پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل” کے لیے اپنا پہلا انٹرویو بھی ریکارڈ کروایا، جو اس چینل کی نشریات کا حصہ ہوگا۔
تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے وزیرِ اعظم کو چینل کے مقاصد اور اہداف پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ "پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل” عالمی سطح پر پاکستان کی ایک معتبر، متحرک اور مؤثر آواز بنے گا۔ یہ انگریزی زبان میں عوامی سفارت کاری کا اہم پلیٹ فارم ہوگا جو معلوماتی خلا کو پُر کرے گا اور مغربی و بھارتی اثر و رسوخ رکھنے والے میڈیا کے یکطرفہ بیانیے کا مؤثر جواب فراہم کرے گا۔