پاکستان اور ایران نے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مختلف شعبوں میں کئی معاہدوں اور پروٹوکولز پر دستخط کیے ہیں۔یہ معاہدے تہران میں ہونے والے پاک ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے اختتام پر طے پائے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت، جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط اقتصادی اور تجارتی تعلقات سے دونوں ممالک کے عوام براہِ راست مستفید ہوں گے۔
انہوں نے بھارت اور اسرائیل کی جارحانہ پالیسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان مشکل حالات میں پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔جام کمال خان نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی استحکام اور ترقی کے لیے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔