پاکستان اور مالدیپ کے درمیان پارلیمانی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور مالدیپ کے درمیان پارلیمانی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور مالدیپ نے دو طرفہ پارلیمانی تعاون اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور مالدیپ کی پیپلز مجلس کے اسپیکر عبدالرعیم عبداللہ کے درمیان آج اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا۔

سردار ایاز صادق نے اس موقع پر کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری خطے میں امن و ترقی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پائیدار علاقائی امن کا حصول مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ اسرائیل اور بھارت کا گٹھ جوڑ نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن چکا ہے۔

مالدیپ کے اسپیکر عبدالرعیم عبداللہ نے فلسطین اور کشمیر کے معاملات پر پاکستان کے دوٹوک اور اصولی مؤقف کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلم اُمہ کو ان دیرینہ مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنی چاہیے۔

-- مزید آگے پہنچایے --