جنوبی افریقہ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
اس میچ کی خاص بات جنوبی افریقہ کی ماریزان کیپ ا ور تیزمین برٹس جبکہ پاکستان کی سدرہ امین کی سنچریاں تھیں۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں منگل کو کھیلے گئے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کا ٹاس پاکستان نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں پر255 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ نے 48 اعشاریہ دو اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
پاکستان کو اننگز کے دوسرے ہی اوور میں نقصان اٹھانا پڑا جب شوال ذوالفقار بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئیں جس کے بعد منیبہ علی اور سدرہ امین نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 147 رنز کا اضافہ کیا جو ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ویمنز کی دوسری وکٹ کی ریکارڈ شراکت ہے۔اس سے قبل یہ ریکارڈ 143 رنز کا تھا جس میں سدرہ امین اور بسمہ معروف شریک تھیں۔
منیبہ علی نے اپنے 50 ویں ون ڈے انٹرنیشنل میں پانچویں نصف سنچری سکور کرتے ہوئے 11 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے۔
سدرہ امین نے 150 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے121 رنز سکور کیے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئیں ۔ یہ ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں 5 ویں سنچری ہے۔ انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنے دو ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔ وہ بسمہ معروف اور جویریہ خان کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان کی تیسری بیٹر ہیں۔
عالیہ ریاض نے 5 چوکوں کی مدد سے 33 رنز کی اننگز کھیلی اور سدرہ امین کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 68 رنز کا اضافہ کیا۔
کپتان فاطمہ ثنا 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ نتالیہ پرویز5 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے آیابونگا کھاکا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ کی اننگز میں کپتان وولوارٹ 4 رنز بناکر سعدیہ اقبال کی گیند پر بولڈ ہوگئیں۔ سونے لوز کو 30 رنز پر رامین شمیم نے آؤٹ کردیا جس کے بعد تیزمین برٹس اور ماریزان کیپ نے216 رنز کی شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کی جیت کو ممکن بنادیا۔یہ جنوبی افریقہ کی تیسری وکٹ کی ریکارڈ شراکت بھی ہے۔
برٹس 9 چوکوں کی مدد سے 101 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ یہ ان کی پانچویں سنچری ہے۔
کیپ نے 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے کریئر بیسٹ 121 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔یہ ان کی چوتھی سنچری ہے
سیریز کے اگلے دو ون ڈے انٹرنیشنل لاہور میں19 اور 22 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔