وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2025 کے حالیہ سیلاب کے نقصانات کا ابتدائی تخمینہ دس دنوں کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ وہ آج اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر قیادت بنائی گئی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں سیلابی نقصانات کے جائزے پر غور کیا گیا۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ نقصانات کا اندازہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ ایک جامع اور حقیقت پر مبنی رپورٹ تیار کی جا سکے۔
انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ سیلابی نقصانات سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کرے، کیونکہ جلد ہی درست اور شفاف ڈیٹا عوام کے سامنے لایا جائے گا۔
احسن اقبال نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے اور وفاقی و صوبائی ادارے مشترکہ ریلیف آپریشنز میں مصروف ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، چیئرمین این ڈی ایم اے، وزارت موسمیاتی تبدیلی کے سیکریٹری اور تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز شریک ہوئے۔
اجلاس میں صوبائی حکومتوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیلابی پانی کے مکمل اخراج کے بعد ہی نقصانات کا حتمی تخمینہ لگایا جا سکے گا۔