وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد اور ان کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔وہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بریفنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ تقریباً 80 دیہات زیر آب آگئے ہیں اور رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے مل فتیانہ پل کا دورہ کیا، ریسکیو ٹیموں کی تعریف کی، اور تیز رفتار ردعمل کی ہدایت کی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بجلی کے بلوں کی ایڈجسٹمنٹ پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام بڑے اقتصادی فیصلوں میں صوبائی حکومتیں مشاورتی عمل میں شامل ہوں گی۔
انہوں نے حکومت کی طرف سے سیلاب کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تعریف کی اور بحالی شروع ہونے سے پہلے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مصنوعی مہنگائی کے خلاف خبردار کیا اور اعلان کیا کہ کسانوں کے لیے جلد ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔