صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے میجر عدنان اسلم شہید اور میجر سید معیز عباس شاہ شہید کے اہلِ خانہ کے گھروں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وطن کے ان سپوتوں کی عظیم قربانیوں پر گہرے رنج و غم اور دلی عقیدت کا اظہار کیا۔
31 سالہ میجر عدنان اسلم بنوں میں دہشت گردوں کے حملے میں شدید زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوئے، جبکہ 37 سالہ میجر سید معیز عباس شاہ نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔ دونوں افسران نے بھارت کی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف بے جگری سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں وطن پر نچھاور کر دیں۔
صدرِ مملکت نے شہداء کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت، قیادت اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پاک فوج کی اعلیٰ روایات کی مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے ان ہیروز پر ہمیشہ فخر کرتی رہے گی۔
اس موقع پر صدرِ پاکستان نے دہشت گردی کی ہر شکل کے خاتمے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور شہداء کی مغفرت و بلند درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔