نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تنازعات کے پُرامن حل کیلئے وسیع تر مذاکرات اور ثالثی پر زور دیا ہے۔وہ آج (پیر) اسلام آباد میں آئندہ ہونے والی بین پارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔نائب وزیر اعظم نے دنیا کو درپیش مختلف چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے کثیرجہتی اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک بار پھر تباہ کن سیلابوں کا سامنا ہے جس سے نہ صرف لاکھوں افراد بے گھر ہوئے اور بے پناہ جانی و مالی نقصان ہوابلکہ اس نے پائیدار ترقی میں ہماری حالیہ کامیابیوں کو سنگین خطرات سے بھی دوچار کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ پارلیمانی لائحہ عمل وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنج سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ پارلیمان پُرامن اور خوشحال دنیا کی معمار ہیں جو مذاکرات کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہیں ۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ موجودہ دور میں پارلیمانی سفارت کاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر سمیت علاقائی تنازعات حل کیے بغیر پائیدار امن حاصل نہیں کیا جا سکتا۔