پی سی بی نے پاکستان، سری لنکا اور افغانستان کی ٹرائی سیریز کا اعلان کر دیا

پی سی بی نے پاکستان، سری لنکا اور افغانستان کی ٹرائی سیریز کا اعلان کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان، سری لنکا اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب پاکستان اپنی سرزمین پر کسی ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کی میزبانی کرے گا، جس کے تمام مقابلے راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

سیریز کا آغاز 17 نومبر کو ہوگا جب پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔ یہ میچ افغانستان کی کرکٹ تاریخ میں ایک یادگار لمحہ ہوگا، کیونکہ یہ پہلا موقع ہے جب افغان ٹیم پاکستان میں کوئی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔

19 نومبر کو دوسرا میچ سری لنکا اور افغانستان کے درمیان راولپنڈی میں ہوگا۔ اس کے بعد باقی تمام پانچ میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جن میں سیمی فائنلز کے بجائے راؤنڈ روبن فارمیٹ کے مطابق فائنل تک رسائی حاصل کی جائے گی۔

سیریز کا فائنل 29 نومبر کو لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں شائقین کرکٹ کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر، سمیر احمد سید نے اس سیریز کو آنے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے ایک سنہری موقع قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق، مختلف ٹیموں کے خلاف کھیلنا نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں آزمانے کا موقع دے گا بلکہ ٹیم کمبی نیشن کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

-- مزید آگے پہنچایے --