انگلینڈ نے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کو 342 رنز سے شکست دیدی، یہ کسی بھی ٹیم کی ون ڈے کرکٹ میں رنز کے فرق کے لحاظ سے سب سے بڑی کامیابی ہے۔ یہ میچ اتوار کے روز ساوتھمپٹن میں کھیلا گیا، جہاں انگلینڈ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے حریف ٹیم کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کر دیا۔
سیریز پہلے ہی جنوبی افریقہ کے حق میں جا چکی تھی، جس نے ابتدائی دونوں میچز جیت لیے تھے، تاہم انگلینڈ نے تیسرے میچ میں زبردست کم بیک کیا۔ جیکب بیتھل نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری بناتے ہوئے 82 گیندوں پر 110 رنز بنائے، جب کہ جو روٹ نے بھی 96 گیندوں پر شاندار 100 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 414 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ اسکور کیا۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن جفرا آرچر کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے مکمل طور پر بے بس نظر آئی۔ آرچر نے صرف 18 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ پوری ٹیم محض 72 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کپتان ٹیمبا باووما پنڈلی کی چوٹ کے باعث بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ آ سکے۔
یہ فتح رنز کے اعتبار سے ون ڈے تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی بن گئی، جس نے بھارت کی سری لنکا کے خلاف 317 رنز سے جیت کا 2023 میں بنایا گیا ریکارڈ توڑ دیا۔
اگرچہ جنوبی افریقہ نے سیریز 1-2 سے جیت لی، تاہم اس شکست نے انگلینڈ کو ٹی20 سیریز سے قبل ایک مضبوط نفسیاتی برتری دلوا دی ہے، جو بدھ سے کارڈف میں شروع ہو رہی ہے۔