یو ایس اوپن ، کارلوس الکاراز نوواک جوکووچ کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گئے

یو ایس اوپن ، کارلوس الکاراز نوواک جوکووچ کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گئے

 ہسپانوی ٹینس اسٹار کارلوس الکاراز نے عالمی شہرت یافتہ سربین کھلاڑی نوواک جوکووچ کو سیدھے سیٹس میں شکست دے کر یو ایس اوپن 2025 کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جہاں ان کا مقابلہ موجودہ عالمی نمبر ایک اور دفاعی چیمپیئن جانک سنر سے ہوگا۔

آرتھر ایش اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس سیمی فائنل میں دوسرے سیڈ الکاراز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے جوکووچ کا 25 واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کا خواب چکنا چور کر دیا۔ انہوں نے یہ میچ 6-4، 7-6 (7/4)، 6-2 سے صرف دو گھنٹے 23 منٹ میں اپنے نام کیا۔

اس کے بعد کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں جانک سنر نے کینیڈا کے 25ویں سیڈ فیلکس اوگر الیاسیئم کو سخت مقابلے کے بعد 6-1، 3-6، 6-3، 6-4 سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

اب اتوار کے روز ٹینس دنیا کی دو نئی قوتوں — الکاراز اور سنر — کے درمیان رواں سال کا تیسرا مسلسل گرینڈ سلیم فائنل ہونے جا رہا ہے۔ اس تاریخی میچ کو دیکھنے کے لیے 23,000 سے زائد تماشائیوں کی موجودگی متوقع ہے، جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شامل ہوں گے۔

ٹینس حلقوں میں اس مقابلے کو "سنکاراز” (Sincaraz) کے نام سے جانا جا رہا ہے، جو اس نئی اور سنسنی خیز رقابت کا مظہر ہے جس نے عالمی سطح پر شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --