صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلح افواج کے سربراہان کا کہنا ہے کہ یوم دفاع و شہدا پاکستان ہماری تاریخ کا ایک متاثر کن باب ہے۔
یوم دفاع اور شہداء کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر بہادری، اتحاد اور عزم کا دن ہے۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ اس دن ہم ایک قابل فخر قوم کی حیثیت سے اپنی بہادر مسلح افواج اور بہادر لوگوں کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ غیر متزلزل ایمان اور بے مثال حوصلے کے ساتھ سرحدوں کا دفاع کیا۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ساٹھ سال قبل ہماری بہادر مسلح افواج نے عوام کے بھرپور تعاون سے دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا اور ثابت کیا کہ پاکستان ایک لچکدار قوم ہے جو اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ساحر شمشاد مرزا، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف دی ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے الگ الگ پیغامات میں قوم کی مقدس ذمہ داری کو نبھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔