صدر، وزیراعظم کی جشن میلادالنبی ﷺ پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد

صدر، وزیراعظم کی جشن میلادالنبی ﷺ پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عید میلادالنبی ﷺ پر پوری قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد دی ہے۔

اس بابرکت دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کا عہد کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمان نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا 1500 واں یوم ولادت "رحمۃ اللعالمین” کے طور پر منا رہے ہیں۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ یہ تاریخی اور یادگار موقع امت مسلمہ کے لیے خوشی اور عقیدت کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن پوری دنیا کے مسلمانوں کو ایک ایسے رشتے میں جوڑتا ہے جس کی بنیاد عقیدے پر ہے اور جس کا محور صرف اور صرف نبی کریم ﷺ کی عظیم شخصیت ہے۔

اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے مطالبہ کیا کہ وہ ﷺ کی سنہری تعلیمات کے مطابق پاکستان کی تعمیر کے عزم کی تجدید کرے۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ زندگی کے تمام شعبوں کے لیے ایک مکمل اور جامع نمونہ ہے۔

انہوں نے ہر قسم کے تعصب، فرقہ واریت، انتہا پسندی اور نفرت کو مسترد کرنے اور اس کے بجائے تمام شہریوں کے درمیان ہمدردی، یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --