چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا جو اعلیٰ عسکری تعاون کمیٹی کے دوسرے دور میں قطر کے سرکاری دورے پر ہیں، نے قطر کے نائب وزیراعظم شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی الثانی اور قطر کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) جاسم محمد المنا سے ملاقات کی۔بات چیت کے دوران، دونوں فریقوں نے علاقائی سلامتی کی ابھرتی ہوئی حرکیات پر تبادلہ خیال کیا اور علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور اعلیٰ فوجی تعاون کمیٹی کے دائرہ کار میں دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کی مستقبل کی جہتوں پر تبادلہ خیال کیا۔قطر کی سول اور عسکری قیادت نے علاقائی استحکام کو یقینی بنانے میں پاکستان کے اہم اور ذمہ دارانہ کردار کا اعتراف کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا۔
