فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں سیالکوٹ ،شکر گڑھ ،نارووال اور کرتار پورکا دورہ کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سکھ کمیونٹی سے خطاب میں سکھ کمیونٹی کی تمام عبادت گاہوں کی جلد مکمل بحالی کی یقین دہانی کرائی۔سکھ کمیونٹی نے سیلاب متاثرہ دربار صاحب کرتار پور میں بروقت امدادی کارروائیوں پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا۔
سکھ رہنما رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہماری دھرتی اور ہماری جان ہے ، پاکستان اور سکھوں کا رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے سکھ کمیونٹی کے ساتھ بیٹھنے سے پوری دنیا کے سکھوں کا سر فخر سے بلند ہو گیا۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ دنیا بھر کے سکھ آ کر کہتے ہیں کہ پاکستان اقلیتوں کیلئے محفوظ ترین ملک ہے ، سکھ یاتری جب پاکستان سے واپس جاتے ہیں تو ان کی آنکھوں میں آنسو ہوتے ہیں ، سکھ یاتری کہتے ہیں کہ جتنا پیار ملا ہے دل نہیں کرتا کہ پاکستان چھوڑ کر واپس جائیں۔سکھ رہنماؤں نے کہا کہ دنیا بھرمیں موجود سکھوں کا پیار اور ہمدردیاں پاکستان کے ساتھ ہیں۔پاک فوج مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ ہے۔