نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی بیگم خالدہ ضیاء سے ملاقات، نیک تمناؤں کا اظہار

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی بیگم خالدہ ضیاء سے ملاقات، نیک تمناؤں کا اظہار

ڈھاکہ (سی این پی )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ پاکستان سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیر اعظم بیگم خالدہ ضیاء سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے بیگم خالدہ ضیاء کی طویل علالت کے پیش نظر ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے بھی بیگم صاحبہ کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔

نائب وزیراعظم نے بیگم خالدہ ضیاء کی بطور وزیر اعظم بنگلہ دیش کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ جنوبی ایشیا کی ایک باوقار سیاسی رہنما رہی ہیں، جن کی قیادت میں بنگلہ دیش نے کئی اہم قومی مراحل عبور کیے۔

ملاقات کے دوران 2006 میں بیگم خالدہ ضیاء کے دورۂ پاکستان کی یادیں بھی تازہ کی گئیں، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا تھا۔یہ ملاقات دونوں ملکوں کے درمیان عوامی رابطوں اور باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم قرار دی جا رہی ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --