ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز، پاکستان شاہینز نیپال کو 1 رن سے شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گئی

ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز، پاکستان شاہینز نیپال کو 1 رن سے شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گئی

پاکستان شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چھٹے میچ میں نیپال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دیدی۔یہ اس سیریز میں پاکستان شاہینز کی چھ میچوں میں چوتھی کامیابی ہے۔اس طرح اس نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

جمعہ کے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر144 رنز بنائے۔جواب میں نیپال کی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 143 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔

پاکستان شاہینز کی اننگز میں کپتان محمد عرفان خان 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔عبدالصمد ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 26 اور محمد وسیم جونیئر ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

نیپال کی طرف سے سومپال کامی نے 30 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ نندن یادو اور دیپندرا سنگھ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔نیپال کی اننگز میں کپتان روہیت کمار نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔ آصف شیخ نے 27 رنز سکور کیے۔ان دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 55 رنز کا اضافہ کیا۔

نیپال کو آخری اوور میں جیت کے لیے 8 رنز درکار تھے جبکہ آخری گیند پر اسے 3 رنز درکار تھے۔اس اوور کی پہلی گیند پر فیصل اکرم نے کوشال ملا کو 2 رنز پر غازی غوری کے ہاتھوں سٹمپڈ کرادیا اور پھر آخری گیند پر دیپندرا سنگھ 41 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوگئے۔پاکستان شاہینز کی طرف سے وسیم جونیئر اور فیصل اکرم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ وکٹ کیپر غازی غوری نے دو اسٹمپڈ کیے اور دو رن آؤٹ میں بھی وہ شریک تھے۔

-- مزید آگے پہنچایے --