پاکستان شاہینز کو شکاگو کنگزمین کے خلاف ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اپنے چوتھے میچ میں 69 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ پاکستان شاہینز کی چار میچوں میں دوسری شکست ہے۔اس نے پہلے میچ میں بنگلہ دیش اے کو 79 رنز سے شکست دی تھی۔ دوسرے میچ میں اسے پرتھ سکارچرز کے خلاف 2 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ تیسرے میچ میں اس نے میلبرن رینی گیڈز کے خلاف73 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
منگل کے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینزنے ٹاس جیت کر شکاگو کنگزمین کو بیٹنگ دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 206 رنز بنائے۔
پاکستان شاہینز جواب میں 8 وکٹوں پر 137 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔
کنگز مین کی اننگز میں میلیند کمار نے8 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے74 رنز سکور کیے اور تاجیندر ڈھلون کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں101 رنز کا اضافہ کیا۔
تاجیندر ڈھلون نے 58 رنز بنائے جس میں4 چوکے اور2 چھکے شامل تھے۔
شایان جہانگیر نے 30 رنز سکور کیے۔ شرجیل خان 8 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
وسیم جونیئر نے 57 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان شاہینز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں جس کی وجہ سے وہ کسی بھی موقع پر میچ میں واپس نہ آسکی۔ خواجہ نافع 2 عبدالصمد 2 محمد فائق2 اور معاذصداقت صفر پر آؤٹ ہوئے تو شاہینز کا سکور4 وکٹوں پر صرف28 رنز تھا۔
یاسر خان 38، کپتان محمد عرفان خان24 اور شاہد عزیز 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔محمد وسیم جونیئر16 اور عبیدشاہ 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
کنگزمین کی طرف سے سکاٹ کوگلین نے 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
احسان عادل نے دو جبکہ محمد حسان خان ۔غلام مدثر اور عمر خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان شاہینز اپنا پانچواں میچ بدھ کے روز ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے خلاف کھیلے گی۔