صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گرین پاکستان پروگرام کو آگے بڑھانے کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلیوں پر اجتماعی ردعمل پر زور دیا ہے۔پیر کو ملک گیر مانسون ٹری پلانٹیشن مہم کے آغاز پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران ملک بھر میں 41 ملین سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔صدر مملکت نے کہا کہ اس نازک وقت میں جب موسمیاتی تبدیلی خیبرپختونخوا اور ملک کے دیگر حصوں میں سیلاب اور بادل پھٹنے سے تباہی مچا چکی ہے، ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے لیے فیصلہ کن طور پر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گرین پاکستان پروگرام جنگلات کے رقبے کو بڑھانے، تباہ شدہ زمینوں کی بحالی، فطرت کے توازن کو بحال کرنے اور فطرت پر مبنی حل کو فروغ دینے کے لیے ایک قومی اقدام ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ کسی بھی قوم کی فلاح و بہبود اور ترقی اس کے جنگلات اور قدرتی ماحول کے تحفظ پر منحصر ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت اپنے گرین پاکستان پروگرام کے تحت جنگلات کے تناسب اور زمین کی زرخیزی کو بڑھانے کے لیے تمام دستیاب ذرائع اور قدرتی حل کو بروئے کار لاتے ہوئے شجرکاری مہم کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس اہم قومی، ماحولیاتی اور آب و ہوا کے فرض کو پورا کرنے کے لیے ذمہ داری کا احساس پیدا کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ درخت لگانا انسانی زندگی پر اپنے مثبت اثرات کے ساتھ ملک کے انمول قدرتی وسائل، نباتات اور حیوانات کے تحفظ اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔