وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کیلئے معاوضے کا پیکیج دُگنا کر دیا گیا۔
خیبرپختونخوا حکومت نے سیلاب متاثرین کے لئے معاوضوں کی ادائیگی کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر معاوضے کا پیکیج دگنا کر دیا گیا ہے، جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ کے بجائے 20 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام متاثرہ اضلاع کو 85 کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے ہیں اور سیلاب متاثرین کو چیکس کی تقسیم کا عمل جاری ہے، وزیراعلیٰ نے سوات کا دورہ کیا اور متاثرین میں معاوضے کے چیکس تقسیم کئے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور وزیراعلیٰ خود متاثرہ علاقوں کے دورے کر رہے ہیں۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ صوبے میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، اس لئے عوام احتیاطی تدابیر اپنائیں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع فوری طور پر ایمرجنسی نمبر 1700 پر دی جائے۔