خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے اموات کی تعداد 340 ہو گئی

خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے اموات کی تعداد 340 ہو گئی

پشاور، بونیر، بٹگرام (سی این پی )خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی صورتحال سے 48 گھنٹے میں ہونے والی اموات کی تعداد 340 تک جاپہنچی ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہفتے کو بتایا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، خصوصاً شدید متاثرہ بونیر سے مزید ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔اس تعداد میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں ہونے والی ہلاکتیں شامل نہیں ہیں، جہاں سیلاب نے کم از کم 21 جانیں لے لی ہیں اور بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔

خیبر پختونخوا میں بھیانک مناظر دیکھنے کو ملے، جب جمعہ کے روز مختلف اضلاع میں شدید بارشوں اور بادل پھٹنے کے باعث آنے والے سیلابی ریلوں نے صرف ایک دن میں 200 سے زائد زندگیاں نگل لیں۔جاں بحق ہونے والوں میں صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر کے 5 عملے کے ارکان بھی شامل ہیں، جو مہمند میں امدادی کارروائیوں کے دوران حادثے کا شکار ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بونیر ضلع سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں فلیش فلڈ کے نتیجے میں 184 افراد جاں بحق ہوئے۔ شانگلہ میں موسلادھار بارش اور چھت گرنے کے واقعات میں 36 افراد کی ہلاکت اور 8 کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جبکہ یہاں 9 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ باجوڑ میں فلیش فلڈ کے باعث 21 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔ مانسہرہ میں فلیش فلڈ سے 23 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ سوات میں مکان گرنے اور فلیش فلڈز کے باعث 22 اموات ہوئیں، اور 51 مکانات کو نقصان پہنچا جن میں سے 2 مکمل طور پر تباہ اور 49 جزوی متاثر ہوئے۔

بٹگرام میں تھنڈر اسٹرائیک سے 15 افراد ہلاک ہوئے۔ لوئر دیر میں موسلادھار بارش سے مکان گرنے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے، جبکہ 60 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا جن میں سے 39 مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ ایبٹ آباد میں بارش کے دوران ایک شخص ڈوب کر جاں بحق ہوا جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔ دیر بالا میں سیلاب اور کمرہ گرنے کے واقعات میں اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم 22 مکانات کو نقصان پہنچا۔

لوئر چترال میں گرمی کی لہر کے باعث دریائی کٹاؤ سے 11 مکانات متاثر ہوئے، جبکہ اپر چترال میں برف پگھلنے کے نتیجے میں فلیش فلڈ آیا جس سے 2 مکانات کو نقصان پہنچا۔ تورغر میں موسلادھار بارش کے دوران دیوار گرنے سے 4 مکانات متاثر ہوئے۔

مجموعی طور پر پورے صوبے میں 279 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوئے۔ جانوروں کے نقصان کی تعداد 43 بتائی گئی ہے۔ مکانات کی تباہی کی بات کی جائے تو 74 مکانات مکمل طور پر جبکہ 63 جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور ضلعی انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

-- مزید آگے پہنچایے --