وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق این ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو مکمل تعاون فراہم کر رہا ہے۔این ڈی ایم اے کی ٹیم امدادی کارروائیوں کی مدد اور نگرانی کے لیے پشاور میں موجود ہے۔این ڈی ایم اے، مسلح افواج اور فلاحی تنظیموں نے خیبرپختونخوا کے لیے امدادی سامان روانہ کیا ہے جس میں ایمبولینسز، جنریٹر، کمبل، خیمے، پانی صاف کرنے والے پمپ، راشن اور پاؤڈر دودھ شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے تمام جاری آپریشنز کی چوبیس گھنٹے نگرانی کر رہا ہے اور مؤثر ہنگامی ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ قائم کر رہا ہے۔تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے سے 328 افراد جاں بحق جب کہ 143 زخمی ہوئے۔ملک بھر میں بارش سے متعلقہ واقعات کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 344 ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ مزید بارشوں کی صورت میں اضافی لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ چوکس رہیں، شدید بارش اور سیلاب کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔سیاحوں کو خاص طور پر مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اگلے پانچ سے چھ دنوں تک شمالی علاقوں کا دورہ کرنے سے گریز کریں۔
