پاکستان اور امریکہ نے دوطرفہ تعلقات بالخصوص انسداد دہشت گردی، سرحدی سلامتی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔یہ سمجھوتہ آج اسلام آباد میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی گریگوری لوگرفو کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا۔انہوں نے انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں معلومات کے تبادلے کو مزید موثر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اقتدار میں آنے کے بعد سے پاک امریکہ تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے عالمی امن کے لیے صدر ٹرمپ کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شفافیت، باہمی اعتماد اور تعاون دوطرفہ تعلقات کی خصوصیات ہیں۔محسن نقوی نے کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیمیں قرار دینے کے امریکی فیصلے کو قابل تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دہشت گردی کے خاتمے میں پاک امریکہ تعاون کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔Gregory LoGerfo نے پاکستان کی جیو اسٹریٹجک اہمیت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے دہشت گردانہ حملوں میں جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار بھی کیا۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، قائم مقام امریکی سفیر نٹالی بیکر اور وفاقی سیکرٹری داخلہ بھی موجود تھے۔