ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز :پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو 79 رنز سے ہرادیا۔

ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز :پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو 79 رنز سے ہرادیا۔

 پاکستان شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش اے کو 79 رنز سے شکست دے دی۔جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 227 رنز بنائے۔بنگلہ دیش اے جواب میں 16 اعشاریہ 5 اوورز میں 148 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان شاہینز کی اننگز میں اوپنرز خواجہ نافع اور یاسرخان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 118 رنز کا اضافہ کیا۔ خواجہ نافع نے8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے61 رنز سکور کیے۔ یاسرخان نے62 رنز کی اننگز کھیلی جس میں7 چوکے اور2 چھکے شامل تھے۔عبدالصمد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئےصرف27 گیندوں پر ایک چوکے اور 5 چھکوں کی مدد سے56 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

کپتان محمد عرفان خان نے25 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چوکا اور3 چھکے شامل تھے۔محمد فائق نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے18 رنز بنائے۔بنگلہ دیش اے کی پہلی وکٹ 6 رنز پر گرنے کے بعد جیشان عالم اور سیف حسن نے دوسری وکٹ کی شراکت میں86 رنز کا اضافہ کیا۔ جیشان عالم 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔سیف حسن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 57 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5چوکے اور3 چھکے شامل تھے تاہم اس کے بعد پاکستان شاہینز کی میچ پر گرفت ہوگئی۔

بنگلہ دیش اے کی آخری 9 وکٹیں سکور میں صرف 56 رنز کا اضافہ کرسکیں۔پاکستان شاہینز کی طرف سے فیصل اکرم اور سعد مسعود نے بالترتیب 19 اور 30 رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ محمد وسیم جونیئر نے 24 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان شاہینز اپنا دوسرا میچ 16 اگست کو پرتھ سکارچرز کے خلاف کھیلے گی۔

-- مزید آگے پہنچایے --